Significant progress made in the rehabilitation of Skardu Road, installation of temporary steel bridge at Sasi Haramush Block in progress

سکردو روڈ کی بحالی پر اہم پیش رفت، سسی حراموش بلاک پر عارضی اسٹیل پل کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری

سکردو روڈ (JSR) کی بحالی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث سسی، حراموش بلاک کے مقام پر سڑک اور گزرگاہ کو شدید نقصان پہنچا تھا، جس کے نتیجے میں گلگت اور سکردو کے درمیان زمینی رابطہ شدید متاثر ہوا اور ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی تھی۔

متعلقہ اداروں کی جانب سے نقصان کا جائزہ لینے کے بعد اس مقام پر عارضی اسٹیل پل کی تنصیب کو فوری اور مؤثر حل قرار دیا گیا۔ اسی فیصلے کے تحت بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، جہاں انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور تعمیراتی عملہ دن رات مصروفِ عمل ہیں تاکہ پل کو جلد از جلد مکمل کرکے سڑک کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھولا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق سیلابی پانی کی شدت نے گزرگاہ کو اس قدر نقصان پہنچایا کہ معمول کی مرمت ممکن نہیں رہی، جس کے باعث عارضی اسٹیل پل کی تنصیب ناگزیر ہو گئی۔ بحالی کے دوران بھاری مشینری اور جدید آلات کی مدد سے کام جاری ہے اور متعلقہ ٹیمیں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں کہ عوام کو کم سے کم وقت میں سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

اے جے کے انتخابات: ابتدائی غیر سرکاری نتائج میں پی ایم ایل-این اور پی کو میرپور ڈویژن میں برتری

جگلوٹ–سکردو روڈ گلگت بلتستان کی اہم شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے، جو نہ صرف بلتستان ڈویژن کو گلگت اور ملک کے دیگر حصوں سے ملاتی ہے بلکہ روزانہ ہزاروں مسافروں، تجارتی گاڑیوں، سرکاری اداروں، سیاحوں اور مقامی آبادی کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ سڑک کی بندش کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات، کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

ترجمان گلگت بلتستان پولیس کے مطابق، بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے اور متعلقہ ادارے مکمل یکجہتی کے ساتھ مصروف ہیں تاکہ عارضی اسٹیل پل جلد مکمل کرکے ٹریفک بحال کی جا سکے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ تعمیراتی کام مکمل ہونے تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں، انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور سفر سے قبل روڈ کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔

ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ پل کی تنصیب مکمل ہوتے ہی ٹریفک کو مرحلہ وار بحال کیا جائے گا تاکہ معمولاتِ زندگی جلد از جلد بحال ہو سکیں اور عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔