Thunderstorms likely in most parts of the country

ملک کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشوں کا امکان

پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے طوفانی بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق انتظامیہ نے تمام محکموں کو الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان میں ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، جبکہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور ڈیرہ غازی خان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

وزیراعظم سے سیکڑوں افراد کی جانیں بچانے والے قومی ہیروز کی ملاقات

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ، پشاور اور نوشہرہ میں بھی بارش کے باعث نشیبی علاقے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

تیز بارشوں اور آندھی کے دوران کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، دیواریں اور بل بورڈز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، اسی لیے شہریوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے اور موسمی حالات سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔