ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے سندھ پولیس گیمز 2026 کے انعقاد اور کھیلوں کے فروغ کے لیے سندھ پولیس کی کاوشوں کے حوالے سے میڈیا نمائندگان کو بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس گیمز 2026 کا افتتاح 25 نومبر کو شام 5 بجے پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن میں ہوگا، جبکہ تین روزہ کھیلوں کے مقابلے 27 نومبر تک جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گیمز میں سندھ پولیس کے 6 ریجنز اور 6 یونٹس سمیت مجموعی طور پر 12 دستوں کے 1547 کھلاڑی شرکت کریں گے۔ 19 مختلف کھیلوں کے مقابلے کراچی کے 13 مقامات پر منعقد ہوں گے، جن میں 562 تمغے اور 41 ٹرافیاں تقسیم کی جائیں گی۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ صفائی سے متعلق شکایات کیلئے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے کہا کہ سندھ پولیس کھیلوں کے فروغ کے لیے سال بھر مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتی ہے۔ سندھ پولیس میں عالمی سطح کے کھلاڑی اور بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جنہوں نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس گیمز کا مقصد پولیس افسران اور جوانوں میں جسمانی فٹنس، صحت مند مسابقت، ٹیم ورک اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر داخلہ سندھ اور قومی ہیروز شرکت کریں گے، جبکہ قومی کرکٹ ہیرو شاہد آفریدی کی شرکت بھی متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال سندھ پولیس گیمز میں کراچی کی ٹیم فاتح رہی تھی، جبکہ رواں سال بھی تمام دستے بھرپور تیاری اور جیت کے عزم کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیں گے۔




