Petrol pump owners demand that dealer margins be fixed on a percentage basis.

پٹرول پمپ مالکان کا ڈیلر مارجن فیصد کی بنیاد پر مقرر کرنے کا مطالبہ

آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن APPPOA نے ایک بار پھر کہا ہے کہ پٹرول پمپ مالکان ملک کے پٹرولیم سیکٹر میں بڑے سرمایہ کار ہونے کے باوجود اپنے کمیشن اور منافع کے مارجن کے حوالے سے شدید مسائل کا شکار ہیں۔

ایسوسی ایشن کا پہلا تنظیمی پروگرام:
ایسوسی ایشن کا پہلا باقاعدہ تنظیمی پروگرام کراچی جیم خانہ میں منعقد ہوا۔
اس میں چیئرمین ہمایوں خان، وائس چیئرمین نعمان علی بٹ، وائس چیئرمین انعام الحق چوہدری، احمد جمال، وسیم بٹ، سید رضا عباس، صفدر قادری، ڈاکٹر طارق مجید، سید فرخ متین، ڈاکٹر شاہ زیب، فرحان نسیم، محمود بُقائی، مرزا محمود عالم، زیشان قاضی، گلراج، کامران خان، عتیق، محمد مسعود، علی بٹ، یاسر گلزار اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اہم مطالبات:پروگرام میں شرکاء نے موجودہ ڈیلر کمیشن کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پٹرول پمپ مالکان کا منافع فی لیٹر مقررہ رقم کے بجائے فیصد کی بنیاد پر طے کیا جائے۔

شرکاء نے کہا کہ ڈیلرز کمیشن میں فی لیٹر 1.34 روپے کا حالیہ اضافہ مثبت قدم ہے، لیکن بڑھتی ہوئی پٹرولیم قیمتوں، آپریشنل اخراجات، بجلی کے بلوں، عملے کی تنخواہوں، زمین کے کرائے اور دیگر کاروباری اخراجات کے پیش نظر یہ اضافہ ناکافی ہے۔

سرکاری افسران و اہلکاروں کے خلاف احتسابی کارروائیوں پر بریفنگ

ایسوسی ایشن رہنماؤں نے زور دیا کہ جب بھی پٹرولیم کی قیمت بڑھے یا کم ہو تو ڈیلرز کا مارجن بھی اسی تناسب سے ایڈجسٹ ہونا چاہیے۔ فیصد کی بنیاد پر مارجن پٹرول پمپ مالکان کے لیے زیادہ پائیدار اور شفاف نظام فراہم کرے گا۔

APPPOA چیئرمین ہمایوں خان کا بیان:ہمایوں خان نے کہا کہ پٹرول پمپ مالکان پٹرولیم ریٹیل سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری کرتے ہیں اور ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے باوجود انہیں اپنی سرمایہ کاری، ذمہ داریوں اور کاروباری رسک کے مطابق منافع نہیں مل رہا۔

رہنماؤں نے فرنچائز فیس کے خاتمے اور کمیشن کے موجودہ نظام پر جامع نظرثانی کا مطالبہ بھی کیا تاکہ پٹرول پمپ مالکان کے لیے منصفانہ اور پائیدار کاروباری ماڈل یقینی بنایا جا سکے۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ فی لیٹر 1.34 روپے کا حالیہ اضافہ بھی ایسوسی ایشن کی مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ تاہم کمیشن اور منافع کے ڈھانچے میں بنیادی اصلاحات پٹرول پمپ مالکان کے مفادات کے طویل المدتی تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں۔

آئندہ کا لائحہ عمل:
APPPOA نے اعلان کیا کہ کراچی میں کامیاب تنظیمی پروگرام کے بعد ایسوسی ایشن سندھ اور پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی تنظیمی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ اس کا مقصد پٹرول پمپ مالکان کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا اور ان کے جائز حقوق کے لیے مؤثر آواز اٹھانا ہے۔