Balochistan’s rightful share in federal jobs, in proportion to

وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کا آبادی کے تناسب سے جائز حصہ یقینی بنایا جائے

سینیٹر جان محمد بلیدی کی زیرِ صدارت سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے مختص کوٹے پر عملدرآمد، صوبے کے ترقیاتی منصوبوں اور پنجگور ڈیم کے مقامی آبادی پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کا آبادی کے تناسب سے جائز حصہ یقینی بنانے اور مختص 5 ہزار آسامیوں کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔

اجلاس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بتایا کہ وفاقی اداروں میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی تقرریوں کا دستیاب ریکارڈ مکمل نہیں، جسے ازسرِنو مرتب کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی نے گریڈ 1 سے 5 اور گریڈ 6 سے 16 تک کی تقرریوں، خالی آسامیوں اور مختص کوٹے کی الگ الگ تفصیلات پر مشتمل تقابلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بتایا کہ مالی مشکلات کے باوجود بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریباً 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ این-25 منصوبے پر 400 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی اور اسے دو سال میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 2 مرحلوں میں کرانے کی منظوری دے دی

اجلاس میں پنجگور ڈیم کے مجوزہ ڈیزائن، نہری نظام اور کھجور کے باغات، زرعی اراضی اور روایتی کاریزوں پر ممکنہ اثرات پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ حکام کے مطابق پنجگور میں ماضی کی 118 کاریزوں میں سے 72 متاثر ہو چکی ہیں، جبکہ ڈیم کو تقریباً 25 ہزار ایکڑ اراضی کو آبپاشی کے لیے پانی فراہم کرنے کے مقصد سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مقامی زرعی زمین اور کھجور کے درختوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے نہروں کے بجائے پائپ لائن کے ذریعے پانی کی فراہمی کے ڈیزائن پر کام کیا گیا ہے۔

کمیٹی نے گیش کور ڈیم سے کیچ کور کی زراعت اور میرانی ڈیم میں پانی کی آمد پر ممکنہ اثرات سے متعلق واپڈا سے مکمل رپورٹ بھی طلب کرلی۔ کنوینر جان محمد بلیدی نے زور دیا کہ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کے مفادات، زرعی وسائل اور روایتی آبپاشی نظام کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔