بابا گورو نانک دیو جی، سکھ مذہب کے بانی اور روحانی رہنما، 5 نومبر 1469ء کو ننکانہ صاحب (موجودہ پاکستان) میں پیدا ہوئے۔ اُن کا جنم استھان، گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، آج دنیا بھر کے سکھوں کے لیے سب سے مقدس زیارت گاہوں میں شمار ہوتا ہے۔ ننکانہ صاحب، لاہور سے تقریباً 65 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور ہر سال لاکھوں عقیدت مند یہاں حاضری دیتے ہیں۔ بابا گورو نانک صاحب نے سچائی، دیانت داری، خدمتِ خلق، امن اور مساوات کا درس دیا۔ اُن کی تعلیمات میں انسانیت کی یکجہتی اور خدا کی وحدانیت بنیادی اصول ہیں۔ انہوں نے ذات پات اور مذہبی تفریق کے خلاف آواز بلند کی اور بتایا کہ سب انسان خدا کی مخلوق ہیں اور سب برابر ہیں۔ اُنہوں نے “ایک اونکار” یعنی خدا ایک ہے کا فلسفہ پیش کر کے روحانی اتحاد اور محبت کا پیغام دیا۔
بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات بدھ، 5 نومبر 2025ء سے ننکانہ صاحب میں شروع ہوں گی۔ اس موقع پر گوردوارہ جنم استھان میں مرکزی تقریب منعقد ہو گی، جس میں پاکستان سمیت بھارت، کینیڈا، برطانیہ، امریکہ اور دیگر ممالک سے آنے والے ہزاروں سکھ یاتری شریک ہوں گے۔ تقریبات کئی دن جاری رہیں گی جن میں مذہبی رسومات، کیرتن، لنگر، متبرک جلوس، اور امن و رواداری کے پیغامات پر مبنی تقریبات شامل ہوں گی۔
مرکزی بین المذاہب امن کمیٹی پاکستان کی جانب سے اس موقع پر انتظامی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کے چیئرمین لاہور ارشد جاوید نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے تمام سہولتیں حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہییں۔ گوردواروں کے اندر اور اطراف میں صفائی، روشنی، بجلی کی بلاتعطل فراہمی، اور بیک اپ کے لیے اسٹینڈ بائی جنریٹرز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں متعین ہوں، ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز ہمہ وقت تیار رہیں، جبکہ پولیس فورس، واک تھرو گیٹس، اور جدید سیکیورٹی اسکینرز نصب کیے جائیں۔
پیر جاوید اکبر ہاشمی (صدر لاہور) مرکزی بین المذاہب امن کمیٹی پاکستان نے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے امن و محبت کا پیغام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو اپنی مذہبی رسومات آزادی سے ادا کرنے کا حق حاصل ہے، جو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے تصورِ پاکستان کا عکاس ہے۔ اُن کے مطابق سکھ برادری کے مذہبی تہواروں پر انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرتے ہیں۔
انسداد پولیو مہم کے پہلے روز 4 لاکھ 20 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے
میاں محمد سعید (سیکرٹری جنرل، مرکزی انجمن تاجران آل پاکستان) نے کہا کہ پاکستان میں سکھ، ہندو، مسیحی اور دیگر اقلیتوں کو مساوی شہری حقوق حاصل ہیں۔ تاجر برادری بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یاتریوں کی خدمت اور گوردواروں کے احترام کے ذریعے پاکستان ایک پرامن، مہذب اور روادار ملک کے طور پر دنیا کے سامنے آ رہا ہے۔
پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق آئین کے تحت محفوظ ہیں۔ آئین پاکستان کی دفعہ 20 ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کرنے کی آزادی دیتا ہے۔ حکومت پاکستان نے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، کرتارپور راہداری، گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سمیت تمام سکھ مقدس مقامات کی تزئین و آرائش اور سیکیورٹی کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ اس کے برعکس بھارت میں اقلیتوں کے حالات تشویشناک ہیں۔ وہاں سکھ، مسلمان، عیسائی اور دلت کمیونٹی مذہبی شدت پسندی اور امتیازی سلوک کا شکار ہیں۔ گوردواروں پر حملے، مذہبی جلوسوں میں رکاوٹیں، اور انتہا پسند سیاست دانوں کی اشتعال انگیزی نے بھارت کے سیکولر چہرے کو مسخ کر دیا ہے۔
پاکستان میں سکھ برادری کو وہ آزادی حاصل ہے جو بھارت میں ممکن نہیں۔ یہاں اُن کے مذہبی مقامات محفوظ ہیں، اُن کے تہوار سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں، اور حکومت کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے خصوصی ویزا سہولتیں اور سیکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ کرتارپور راہداری کا قیام اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ پاکستان مذہبی رواداری اور انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ مرکزی بین المذاہب امن کمیٹی پاکستان جیسی تنظیمیں ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور مسالک کے درمیان اتحاد کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کی کاوشوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کا معاشرہ امن، برداشت اور باہمی احترام کے اصولوں پر قائم ہے۔
آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ بابا گورو نانک دیو جی کی تعلیمات کا مرکزی نکتہ، یعنی محبت، مساوات اور انصاف، آج بھی پاکستان کے قومی فلسفے سے ہم آہنگ ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، مذہبی رسومات کی آزادی، اور حکومت و عوام کا باہمی تعاون دنیا کے سامنے ایک ایسا مثبت اور پرامن تاثر پیش کرتا ہے جو بھارت سمیت پورے خطے کے لیے ایک مثال بن چکا ہے۔ بابا گورو نانک دیو جی کا جنم دن دراصل انسانیت، رواداری اور امن کا عالمی پیغام ہے ایک ایسا پیغام جو پاکستان کے دل سے پوری دنیا تک پہنچ رہا ہے۔
✍️ ڈاکٹر عبدالرؤف صادق




