لاہور کے مختلف تھیٹرز میں فحش رقص اور اخلاقی حدود سے متجاوز پرفارمنس پر پنجاب آرٹس کونسل نے سخت کارروائی کرتے ہوئے معروف اسٹیج اداکاراؤں کو انتباہی نوٹس جاری کر دیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب آرٹس کونسل کی مانیٹرنگ ٹیم نے حالیہ دنوں شہر کے متعدد تھیٹرز میں پیش کیے جانے والے ڈراموں کا جائزہ لیا، جس دوران کئی رقاصاؤں کی اسٹیج پرفارمنس میں غیر اخلاقی حرکات اور بیہودہ رقص سامنے آئے۔
ضابطۂ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی پر مشہور اسٹیج اداکارائیں انزاء خان، مدیحہ بٹ اور شازیہ بلوچ کو باضابطہ وارننگ نوٹس جاری کیے گئے، جن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر آئندہ اس نوعیت کا مواد پیش کیا گیا تو نہ صرف تھیٹر لائسنس منسوخ ہو سکتا ہے بلکہ متعلقہ فنکاراؤں پر پابندی بھی عائد کی جائے گی۔
ژوب میں 4 روزہ آپریشن؛ بھارتی حمایت یافتہ 50 خوارج ہلاک، اسلحہ و بارود برآمد
اسی سلسلے میں ستارہ تھیٹر کے لائسنس ہولڈر کو بھی نوٹس بھیجا گیا ہے، جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ ڈانس پرفارمنس اور مکالمات مکمل طور پر ضابطۂ اخلاق کے مطابق ہوں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پنجاب آرٹس کونسل نے وارننگ دی ہے کہ مانیٹرنگ ٹیم آئندہ بھی ڈراموں کی براہِ راست نگرانی کرے گی، اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری پابندی لگائی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ تھیٹر معاشرتی اقدار، ثقافتی روایات اور مثبت پیغام رسانی کا ذریعہ ہے، مگر حالیہ برسوں میں بعض پروڈیوسرز اور فنکار سستی شہرت اور زیادہ کمائی کے لیے غیر اخلاقی مناظر اور بیہودہ مکالمات کا سہارا لے رہے ہیں، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں




