شہر میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے باوجود لاہور ٹریفک پولیس کے وارڈنز اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی، جذبے اور فرض شناسی کے ساتھ سڑکوں پر انجام دے رہے ہیں۔
شدید دھوپ، حبس اور ہیٹ ویو کے باوجود ٹریفک وارڈنز مختلف چوراہوں، شاہراہوں اور مصروف مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، شہریوں کی رہنمائی کرنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے مسلسل ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی لاہور ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت موسمی حالات کے باوجود وارڈنز کا عزم اور جذبہ قابلِ تحسین ہے، جو اپنی ذاتی آسائش پر شہریوں کی سہولت کو ترجیح دے رہے ہیں۔
جولائی کے آغاز پر ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا آغاز
سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ شدید گرمی کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دورانِ سفر پانی کا استعمال زیادہ رکھیں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ڈیوٹی پر موجود وارڈنز کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس کے جوان ہر موسم اور ہر صورتحال میں شہریوں کی خدمت کے لیے میدانِ عمل میں موجود رہتے ہیں، اور ان کا یہی جذبہ ادارے کی پہچان ہے۔




