منوڑہ ہمالیہ کے مقام پرسمندرمیں نہاتے ہوئے ڈاؤ میڈیکل کالج کے فائنل ایئرکے ڈی 26 بیج کے 7طالب علم ڈوب گئے جن میں سے 3 طالب علم موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 طالب علموں کو بحفاظت ریسکیوکرلیا گیا جن میں سے ایک طالب علم کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ڈاؤ میڈیکل کالج کی انتظامیہ کا کہنا تھا 15 طالب علم انتظامیہ کی اجازت کے بغیر ذاتی طور پر پکنک پرگئے تھے جہاں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں 3 طالب علم جاں بحق اور 3 طالب علموں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ ایک طالب علم لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ماڑی پور تھانے کے علاقے منوڑہ ہمالیہ کے مقام پر سمندر میں نہاتے ہوئے ڈاؤ میڈیکل کالج کے فائنل ایئر کے ڈی 26 بیج کے 7 طالب علم ڈوب گئے جن میں سے 3 طالب علم موقع پرجاں بحق ہوگئے جبکہ تین طالب علموں کونیم بیہوشی کی حالت میں سمندر سے ریسکیو کرکے پہلے قریبی نجی کلینک اور بعد ازاں ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول ٹراما سینٹرل منتقل کردیا گیا۔
ایک بیہوش طالب علم کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، سمندر میں ڈوب کرجاں بحق ہونے والے طالب علموں کی شناخت احمد کاشف، اشارب منیر اور سید اشہد فاطمی شامل ہیں جبکہ نیم بہیوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیے جانے والے طالب علموں میں رضوان، ربیع اور عبدالمجید شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملنے پرجاں بحق ہونے والے طالب علموں کے اہلخانہ اورڈاؤ میڈیکل کالج کی انتظامیہ بھی سول اسپتال پہنچ گئی، مردہ خانے کے باہر ڈاؤ میڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر صبا سہیل نے بتایا کہ ڈاؤ میڈیکل کالج کے فائنل ایئر کے طالب علم پکنک پرگئے تھے اوران کے آج وارڈ آف تھے۔
بدنام ڈاکو سلطان شاھ بیٹے سمیت پولیس مقابلے میں ہلاک
ڈی 26 بیج کے تقریبا 150 طالبہ میڈیکل کالج کی انتظامیہ کے ہمراہ سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ اور اپنے پوائنٹ بسوں میں ہاکس بے پکنک پر گئے تھے اور تمام طالبہ پکنک پربحفاظت واپس آگئے اورتمام طلبہ محفوظ ہیں۔
تقریباً 2 بجے کے قریب اطلاع ملی کہ کچھ طالب علموں کے ساتھ افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے ۔ معلوم کرنے پرعلم ہوا کہ فائنل ایئرکے ہی 15 طالب علموں نے اپنے اور ذاتی طور پر انتظامیہ کی اجازت لیے بغیر منوڑہ ہمالیہ کے مقام پر پکنک پرگئے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ ذاتی طورپر 15 طالب علم پکنک پرگئے تھے جن میں سے 3 طالب علموں کی میتیں ہمیں موصول ہوئی ہیں ۔ 2 طالب علم سول ٹراما کی ایمرجنسی اور ایک طالب علم میڈیکل آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ایک طالب علم لا پتہ ہے جس کی تلاش کی جا رہی ہے، ڈاؤمیڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر صبا سہیل کو سول ٹراما سینٹر کی ایمرجنسی میں موجود طالب علموں نے بتایا ہے کہ وہ بیچ پر بال سے کھیل رہے تھے، بال اچھالنے پر گیند سمندر کی لہروں کے ساتھ چلی گئی جیسے لینے کے لیے ایک طالب علم گیا تو تیز اور اونچی لہروں کی نذر ہوگیا، باقی طالب علم اسے بچانے کے لیے حادثے کا شکار ہوگئے۔
انھوں نے بتایا کہ حادثے میں ایک طالب علم کے علاوہ جاں بحق اور دیگر متاثرہ تمام طالب علموں کے اہلخانہ سے رابطہ ہو گیا ہے۔
میڈیکل آئی سی یو میں زیر علاج طالب علم عبد المجید کے اہلخانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اب تک ان سے رابطہ نہیں ہوپا رہا ہے، ڈاؤمیڈیکل کالج کی پرنسپل نے واقعے کو بڑا سانحہ اور ایک سیاہ دن قراردیا۔
ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹرخالد بخاری نے بتایا کہ افسوس ناک حادثے میں جاں بحق تین طالب علموں کی میتیں سول ٹراما سینٹر لائی گئیں تھی جبکہ تین 3 متاثرہ طالب علموں کولایا گیا تھا جن میں سے 2 طالب علموں کی حالت خطرے سے باہر اورایک طالب علم کی حالت تشویشناک ہے۔




