resignations of Mr. Justice Mansoor Ali Shah, Justice Athar Minallah

جناب جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفوں پر افسوس

جناب جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے استعفوں پر افسوس بھی ہے مگر یہ بھی خوشی ہے کہ انہوں نے ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔ ایسی مثال جس کی ہمارے ہاں خاصی کمی ہے۔
مجھے شدید حیرت ہو رہی ہےکہ بعض احباب جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ پر تنقید کر رہے ہیں، طنز فرما رہے ہیں، ان کی تضحیک کر رہے ہیں،
مگر کیوں ؟
کیا اس لئے کہ ان فاضل جج صاحبان نے کمپرومائز ہونے سے انکار کر دیا۔
وہ حکمرانوں کے دربار پر سجدہ ریز نہیں ہوئے ،
انہوں نے جرات رندانہ سے کام لیا ۔
اگر وہ حکمرانوں ، مقتدر قوتوں سے ہاتھ ملا لیتے تو آج سربلند ہوتے، سرفراز ہوتے ۔
کیا یہ ایسا جرم ہے جس پر ہنسا جائے،
طنز کیا جائے، تنقید کی جائے ؟

ڈیٹا فیسٹ 2025 اختتام پذیر، سی بی ڈی پنجاب کا این ایس آئی ٹی سٹی پراجیکٹ شرکاء کی دلچسپی کا مرکز رہا

حق تو یہ ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ نے ایک ایسی شاندار مثال قائم کی ہے، جرات ، عزیمت اور اصول پسندی کی ایک روشن جگمگاتی ہوئے شمع روشن کی ہے ،جسے دل وجاں سے سراہنا چاہیے، اس کی ستائش ہونی چاہیے۔
ان ججوں کے لئے گیت لکھے جانے چاہئیں۔ انہوں نے اپنا نام تاریخ میں سنہری الفاظ سے درج کرایا ہے۔
کل کو جب مورخ تاریخ لکھے گا ،جب لکھنے والے ستائیسویں ترمیم جیسی متنازع اور نہایت عجلت میں منظؤر کی گئی آئینی ترمیم کا ذکر کریں گے جس نے آئین کا حلیہ بگاڑ دیا، جس نے عدلیہ کی کمر توڑ دی ،
تب
یہ لازمی لکھا جائے گا کہ چند جج صاحبان ایسے تھے جنہوں نے یہ بے اصولی برداشت نہیں کی، جنہیں نے اپنی ملازمتیں قربان کر دیں۔ جو اس مشکل اور کٹھن وقت میں کھڑے رہے، سربلند رہے ۔
جناب جسٹس منصور علی شاہ اور جناب جسٹس اطہر من اللہ کی نذر ہمارے پیارے شاعر دوست سعداللہ شاہ کے دو اشعار کرنا چاہتا ہوں

اے مرے دوست! ذرا دیکھ میں ہارا تو نہیں‌
میرا سر بھی تو پڑا ہے مری دستار کے ساتھ

وقت خود ہی یہ بتائے گا کہ میں زندہ ہوں
کب وہ مرتا ہے جو زندہ رہے کردار کے ساتھ