پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے)، جسے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ سی بی ڈی پنجاب بھی کہا جاتا ہے، نے صوبے کی معاشی تبدیلی کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے 1.8 ارب ڈالر کی متوقع ترقیاتی مالیت کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور “آن ورڈ اینڈ اپ ورڈ” (Onward & Upward) روڈ میپ کے تحت، سی بی ڈی پنجاب ماضی میں غیر استعمال شدہ سرکاری اراضی کو پنجاب کے سب سے متحرک اور فعال معاشی ہب میں تبدیل کر رہا ہے۔
اس ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے، سی بی ڈی پنجاب نے “الوطنی” (Al-Watani) کے نام سے 1.8 ارب ڈالر کے تاریخی جوائنٹ وینچر انیشیٹو کا آغاز کیا ہے۔ “سلیکٹ – سائن – اسٹارٹ” (Select – Sign – Start) ماڈل پر مبنی یہ منصوبہ عالمی اور مقامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معاشی راہداری میں شمولیت کا ایک ہموار اور آسان راستہ فراہم کرتا ہے۔
اتھارٹی نے اپنی تیز رفتار پیشرفت کو اجاگر کیا جو عالمی شراکت داریوں، عمودی تعمیرات (Vertical Development) اور بڑے عوامی انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی مرہونِ منت ہے۔ ان منصوبوں میں کلمہ انڈر پاس ری ماڈلنگ، والٹن روڈ کی اپ گریڈیشن، کیپٹن کرنل شیر خان شہید فلائی اوور اور روٹ 47 شامل ہیں، جنہوں نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی
اس اہم پیشرفت پر گفتگو کرتے ہوئے سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے کہا:”سی بی ڈی پنجاب ایک جدید اور عالمی سطح پر مسابقتی لاہور کی تشکیل کر رہا ہے۔ ‘الوطنی’ کے ذریعے ہم عالمی معیار کے ایسے جوائنٹ وینچرز کے دروازے کھول رہے ہیں جو معاشی نمو کو فروغ دیں گے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے اور پنجاب کے شہری مستقبل کی نئی تعریف متعین کریں گے۔”
ایک گیم چینجر مکسڈ یوز زون (Mixed-use Zone) کے طور پر، ‘الوطنی’ میں تجارت، ٹیکنالوجی، ہاسپیٹیلٹی اور جدید انفراسٹرکچر کو یکجا کیا گیا ہے۔ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ، سی بی ڈی باب ڈسٹرکٹ اور سی بی ڈی این ایس آئی ٹی (NSIT) سٹی کے ذریعے اپنی توسیع کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، جو مشترکہ طور پر پنجاب کا نیا معاشی مرکز بن رہے ہیں۔
سرمایہ کاروں کو مستقبل کے شاندار مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ‘الوطنی’ کی ویٹ لسٹ (Waitlist) میں شامل ہونے کی ترغیب دی گئی ہے۔




