Bill introduced to confiscate identity cards for 60 days

شناختی کارڈز 60 دن کیلئے ضبط کرنے کا بل پیش

حکومت نے نادرا آرڈیننس 2000 میں اہم ترمیم کے لیے سینیٹ میں ایک نیا بل پیش کردیا ہے، جس کے تحت نادرا کو شناختی کارڈ بلاک اور ضبط کرنے کے وسیع اختیارات دینے کی تجویز شامل ہے۔

بل کے مطابق اگر کسی شہری کے شناختی کارڈ کے بارے میں شکایت موصول ہو یا تحقیقات درکار ہوں تو نادرا 60 روز تک شناختی کارڈ ضبط کرسکے گا۔ تحقیقات مکمل ہونے اور تصدیقی عمل کے بعد ہی کارڈ بحال کیا جائے گا۔

مجوزہ ترمیم کے تحت نادرا کی اپیل میں ریٹائرڈ جج، سیکرٹری اور ڈپٹی سیکرٹری سمیت دیگر افسران شامل ہوں گے جو شکایات اور اپیلوں کی سماعت کریں گے۔ سرکاری مؤقف کے مطابق شناختی کارڈ کے غلط استعمال کی روک تھام اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظر قوانین کو مؤثر بنانا ضروری ہے۔

‏ایـران نے اسـرائـیـل کیخلاف میزائلوں کا 18 واں راؤنڈ شروع کر دیا

حکومت کا کہنا ہے کہ بعض عناصر قومی کارڈز کا غلط استعمال کرکے نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جس کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔ اسی مقصد کے تحت نادرا کو عارضی طور پر شناختی کارڈ ضبط کرنے کا اختیار دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

بل کے تحت شہریوں کو اپیل کا حق بھی دیا جائے گا اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ نوٹس اور صفائی پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے گا۔