5 countries defaulted on Pakistan millions of dollars

5 ممالک پاکستان کے کروڑوں ڈالرز کے ڈیفالٹر، 40 سال بعد بھی ریکوری نہ ہو سکی

پاکستان مختلف ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کا مقروض ضرور ہے، لیکن ایک آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پانچ غیر ملکی ریاستیں خود پاکستان کی کروڑوں ڈالرز کی نادہندہ ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آڈٹ حکام نے بتایا کہ سری لنکا، بنگلا دیش، عراق، سوڈان اور گنی بساؤ مجموعی طور پر پاکستان کے 30 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کے مقروض ہیں، اور حکومت پاکستان چار دہائیوں کے باوجود یہ رقم واپس لینے میں ناکام رہی ہے۔ ملکی کرنسی میں یہ واجبات 86 ارب روپے سے زائد بنتے ہیں، جو 1980 اور 1990 کی دہائی میں دیے گئے ایکسپورٹ کریڈٹ کے تحت ہیں۔

سی سی ڈی نے حکومت پنجاب سے بجٹ کی باضابطہ درخواست کر دی

اعداد و شمار کے مطابق، سب سے زیادہ رقم عراق کے ذمے ہے جو 23 کروڑ 13 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔ سوڈان پر 4 کروڑ 66 لاکھ ڈالر، بنگلا دیش پر شوگر پلانٹ اور سیمنٹ کی مد میں 2 کروڑ 14 لاکھ ڈالر، جبکہ گنی بساؤ پر 36 لاکھ 53 ہزار ڈالر واجب الادا ہیں۔

آڈیٹر جنرل آفس نے اس ریکوری کی نشاندہی پہلی مرتبہ 2006-07 میں کی تھی۔ وزارتِ اقتصادی امور کے حکام کا کہنا ہے کہ دفترِ خارجہ کے ذریعے ان رقوم کی واپسی کے لیے سفارتی چینلز، مشترکہ وزارتی کمیٹیز، یاد دہانی خطوط اور ڈیمانڈ نوٹسز بھیجے گئے، تاہم تاحال خاطر خواہ پیشرفت نہیں ہو سکی۔

آڈٹ حکام نے سفارش کی ہے کہ رقم کی وصولی کے لیے معاملہ اعلیٰ ترین سطح پر اٹھایا جائے تاکہ دہائیوں سے زیرِ التوا یہ واجبات وصول کیے جا سکیں۔