بانی پی ٹی آئی کے بچے قانون ہاتھ میں لیں گے تو گرفتار کیا جائے گا: گورنر خیبرپختونخوا
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ اگر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بچے قانون ہاتھ میں لیں گے تو ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جا سکتا اور بانی پی ٹی آئی کے بچوں کو کسی قسم کا استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔
’’جیو نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک انصاف کے حالیہ احتجاج ناکام ہو چکے ہیں۔ اگر بانی پی ٹی آئی کے بچے پُرامن احتجاج کرتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے، لیکن اگر وہ قانون شکنی کریں گے تو ان کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچے ناقابلِ گرفت نہیں ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت نے ماضی میں پیپلز پارٹی کے کارکنان کو بھی نشانہ بنایا تھا، اس لیے تحریک انصاف جیسا کرے گی ویسا بھرے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے بچوں کے پاس پاکستانی شہریت نہیں ہے تو اس معاملے پر برطانوی ہائی کمیشن کو بھی غور کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح برطانیہ میں پاکستانی شہریوں پر مقامی قوانین لاگو ہوتے ہیں، ویسے ہی پاکستان میں غیر ملکی شہریوں پر پاکستانی قانون کا اطلاق ہوگا۔ اگر بانی پی ٹی آئی کے بچے قانون توڑیں گے تو ان کی گرفتاری یقینی ہوگی۔




