پشاور ہائیکورٹ کا بڑا حکم: سانحہ سوات میں غفلت برتنے والوں کی نشاندہی جلد کی جائے
پشاور ہائیکورٹ نے سانحہ سوات کے معاملے پر واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں غفلت برتنے والوں کا جلد از جلد تعین کیا جائے تاکہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
دنیا نیوز کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے سانحہ سوات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ کیا واقعے کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں؟ اس پر ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اس وقت تحقیقات چیئرمین صوبائی انسپکشن ٹیم کے سپرد ہیں۔
چیف جسٹس نے حکم دیا کہ چیئرمین انسپکشن ٹیم کو عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ مزید کارروائی کی جا سکے۔ دورانِ سماعت چیئرمین صوبائی انسپکشن ٹیم نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ سوات کا دورہ کر چکے ہیں، تحقیقات جاری ہیں اور اب تک مختلف محکموں کی کوتاہیاں سامنے آئی ہیں۔
عدالت نے معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہدایت دی کہ شفاف تحقیقات مکمل کر کے جلد از جلد ذمے داروں کی نشاندہی کی جائے۔




