سُکھ بیاس کو نئی زندگی دینے کا خواب شاید اب پورا ہو جائے کیوں کہ پنجاب اریگیشن کے انجینئر ز نے ایک ایسا کامیاب اور دلچسپ عملی تجربہ مکمل کرلیا ہے جسے اگر پوُرے پنجاب پر پھیلا دیا جائے تو نہ صرف کئی مُردہ دریا دوبارہ زندہ ہوسکتے ہیں بلکہ سیلابی پانی کی تباہ کاریوں سے بھی بچا جاسکتا ہے۔
پچھلے سال (2025) کے سیلاب میں ان انجینیئرز نے تقریباً 12,000 ایکڑ فٹ پانی کو دریائے ستلج سے نکال کر ایک متروکہ سیلابی نہر (اولڈ میلسی کینال) کی 14 کلومیٹر لمبائی میں نہر کے 150 فُٹ چوڑے پیندے سے زیرِزمین جذب کروا دیا جس سے زیرزمین پانی کی سطح اوسطاً 5 فُٹ بلند ہو گئی۔ کئی جگہوں پر تو گروانڈ واٹر ٹیبل 11 فُٹ تک بھی اُوپر اُٹھ آیا۔
محکمہ آب پاشی کے ریسرچ انجینیئرز اس منصوبے کی تیاری سیلاب سے پہلے ہی کر چکے تھے۔ اس مقصد کے لئے اس متروکہ سیلابی نہر کو باقاعدہ صفائی کرکے بحال کیا گیا، اس کے پیندے کے اوپر پڑی گاد کو نہ صرف صاف کیا گیا بلکہ ساڑھے چار کلومیٹر کی لمبائی میں 144 پانی چُوس کنویں بھی بنائے گئے۔
ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ خامنہ ای کی تجہیز و تدفین کی نو روزہ تقریبات، کب کیا ہو گا؟
پوری نہر کی کھدائی کرکے اس کو تین بڑے ریچارج تالابوں کی شکل دے دی گئی جن میں سے ہر تالاب کی لمبائی بالترتیب 5.8, 3.4 اور 4.6 کلومیٹر تھی۔ نہر کے ان طویل وعریض تالابوں کے اندر نہ صرف زیرِزمین پانی کا لیول پڑھنے کے لئے پیزو میٹر (Piezometers)لگائے گئے بلکہ ریچارج ہونے والے پانی کی کوالٹی چیک کرنے کے آلات بھی نصب کیے گئے جن کی مدد سے کئی مہینوں تک گراونڈ واٹر ٹیبل اور واٹر کوالٹی پر نظر رکھی گئی۔ زیرِ زمین مٹی کی تہوں کو جانچنے کے لئے نہ صرف ڈرلنگ کی گئی بلکہ الیکٹرک ریزسٹیویٹی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔
جب انجینیئر ز نے اتنی محنت کی تو مالک کی ذات نے دریائے ستلج میں سیلابی پانی بھی چلا دیا جس سے اس منصوبے کے بنتے ہی اس کو جانچنے کا فوری موقع مل گیا اور مہینوں کی اس جانچ کا نتیجہ کامیابی کی صورت میں ملا۔ ایک ہی سیلاب میں اس متروکہ نہر کی صرف 14 کلومیٹر لمبائی سے 12,000 ایکڑ فٹ پانی زیرِزمین ریچارج ہوگیا اور زائد پانی سُکھ بیاس میں بہہ گیا۔
اس تجربے نے پنجاب کی سینکڑوں نہروں سے سیلابی پانی کے ریچارج کی راہ ہموار کردی ہے جوکہ یا تو متروک ہوچُکی ہیں یا پھر کبھی کبھی ہی چلتی ہیں۔
اولڈ میلسی کینال دریائے ستلج پر اسلام بیراج سنہ 1924 میں زائد سیلابی پانی کو موڑنے کے لئے بنائی گئی تھی تاہم 1960 کے سندھ طاس معاہدے کے بعد دریائے ستلج میں پانی نہ آنے کی وجہ سے یہ متروک ہو گئی تھی اور 1965 میں اسے باقاعدہ طور پر ختم کردیا گیا تھا۔




