Major alleged corruption scandal in the CCD exposed; multiple officials, including a former SHO, implicated; Anti-Corruption operations intensified.

سی سی ڈی میں مبینہ کرپشن کا بڑا اسکینڈل بے نقاب، سابق ایس ایچ او سمیت متعدد اہلکار شکنجے میں، اینٹی کرپشن کی کارروائیاں تیز

سی سی ڈی پنجاب میں مبینہ کرپشن، منشیات فروشوں سے روابط اور جھوٹے مقدمات درج کرنے کے الزام میں تحقیقات کا دائرہ وسیع ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق جتوئی، لیہ اور ڈی جی خان سے تعلق رکھنے والے متعدد سی سی ڈی اہلکاروں کو لاہور میں حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن لاہور نے تھانہ سٹی لیہ کے سابق ایس ایچ او عرفان باجوہ اور سابق تفتیشی افسر (آئی او) سب انسپکٹر نادیہ کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے سابق ایس ایچ او عرفان باجوہ کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، جبکہ سب انسپکٹر نادیہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

لاہور مبینہ زیادتی کیس: ہسپانوی خاتون کا دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ شدہ بیان منظرِ عام پر

ذرائع کے مطابق مقدمے میں سی سی ڈی کے متعدد اہلکاروں، ایک سابق ایس ایچ او، بعض دیگر افراد اور ایک صحافی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام مبینہ طور پر منشیات فروشوں سے روابط، جھوٹے مقدمات کے اندراج اور اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ تاہم مقدمے میں نامزد تمام افراد کے خلاف عائد الزامات تاحال ابتدائی نوعیت کے ہیں، جن کا فیصلہ عدالت میں شواہد اور قانونی کارروائی کے بعد ہوگا۔