وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو 2 ماہ میں دکانیں تیار کرکے دینے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کا انفرا اسٹرکچر بہتر کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، عید کے بعد شاہراہ بھٹو کو ایم 9 تک شروع کردیں گے، اس میں چند ماہ کی تاخیر ہوئی ہے، ٹریفک مسائل میں نمایاں کمی ہوگی، یہ راستہ روزانہ 50 ہزار افراد استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ پر بات کروں گا، جان کا ازالہ کوئی نہیں ہے، ہم متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، جس کی جان گئی اس کے لیے حکومت ایک کروڑ روپے دے گی اور گل پلازہ کی جگہ پر حکومت عمارت بنائے گی، 5 لاکھ روپے گل پلازہ کے ہردکاندار کو دیں گےتاکہ 2 ماہ تک گھر کا کچن چلا سکے، کراچی چیمبر کے ساتھ مل کر کام شروع کردیا ہے، نقصانات کو حکومت سندھ پورا کرے گی، دکانوں میں جو سامان پڑا تھاکراچی چیمبر کی مدد سے اسے پورا کریں گے۔
اسٹیٹ بینک کا شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جب تک گل پلازہ بنے، 2 ماہ تک 5 لاکھ روپے دیں گے، 2 ماہ میں انہیں دکانیں مل جائیں گی تا کہ وہ کاروبار شروع کردیں، محکمہ سندھ انویسٹمنٹ کے ذریعے دکانوں کو ایک کروڑ روپیہ دیں گے، قرض پر سود حکومت سندھ ادا کرے گی، جتنی دکانیں تھیں اس سے ایک انچ بھی زیادہ نہیں بنائیں گے، دکانداروں کے ساتھ مل کر گل پلازہ کو دوبارہ کھڑا کریں گے۔




