پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے) جو سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کے نام سے بھی جانی جاتی ہے، نے ڈیٹا فیسٹ 2025 میں اپنے فلیگ شپ منصوبے سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی کی نمائش کی جس میں ابھرتے ہوئے انٹرپرینیورز اور ٹیکنالوجی کے شوقین نوجوانوں نے شرکت کی۔
ڈیٹا فیسٹ 2025 پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے،ڈیٹا فیسٹ ایک دو روزہ ایونٹ ہے جس کا مقصد ڈیٹا پر مبنی اور ڈیجیٹل طور پر مضبوط پاکستان کے تصور کو فروغ دینا ہے۔ یہ فورم ملک بھر سے ٹیکنالوجی اسٹیک ہولڈرز، انوویٹرز اور طلبہ کو یکجا کرتا ہے تاکہ اے آئی، ڈیٹا اینالیٹکس، اور اسمارٹ گورننس کے بڑھتے ہوئے امکانات کو دریافت کیا جا سکے۔
تقریب کا افتتاح وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال نے کیا۔ انہوں نے حکومت کی ڈیٹا اور ٹیکنالوجی پر مبنی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عوامل اب قومی منصوبہ بندی اور ترقی میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہے ہیں۔
سی بی ڈی پنجاب کے این ایس آئی ٹی آگاہی اسٹال نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی، جس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کو اجاگر کیا گیا۔یہ ایک ایسا وژن ہے جس کے تحت پنجاب کو پاکستان کا ڈیجیٹل پاور ہاؤس بنایا جا رہا ہے۔ جدید آئی ٹی اور این ایس آئی ٹی منصوبوں کے ذریعے، حکومت پنجاب نوجوانوں کو ٹیکنالوجی پر مبنی معاشی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
جعلی ہیکرز، تحقیقاتی افسر یا قاتل کے روپ میں سائبر حملہ آور سر گرم
سی بی ڈی پنجاب کے سینئر افسران، جن میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر فنانس علی نذیر ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹنگ عثمان ندیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بزنس ڈیولپمنٹ و انویسٹر ریلیشنز فیضان داؤد، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیجیٹل نوبل جان شامل تھے، نے طلبہ اور پیشہ ور افراد سے ملاقات کی اور این ایس آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری کے مواقع اور مستقبل کی ترقیاتی سمت پر روشنی ڈالی۔
علی نذیر ملک نے کہا”سی بی ڈی این ایس آئی ٹی سٹی ایک جدیدٹیکنالوجی سے بااختیار پنجاب کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے ہم ایک عالمی معیار کا آئی ٹی ایکو سسٹم تشکیل دے رہے ہیں جو وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایجنڈا سے مطابقت رکھتا ہے جو انٹرپرینیورشپ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔”
ڈیٹا فیسٹ 2025کے شرکاء اور طلبہ نے سی بی ڈی پنجاب کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ این ایس آئی ٹی سٹی پاکستان میں ٹیکنالوجی کی جدت،ترقی کے فروغ اور ڈیجیٹل معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔




