گڈاپ ٹاون تھانے کے علاقے سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ کے قریب تیز رفتار کرولا گاڑی نے اسکوٹی موٹر سائیکل کو ٹکرماردی جس کے باعث اسکوٹی موٹر سائیکل پر سوار 2 خواتین پل سے نیچے جا گریں۔
پل سے گرنے کے نتیجے میں دونوں خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔ حادثے کی اطلاع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد میں جمع ہو گئی جبکہ پولیس اور ریسکیو ادارے بھی پہنچ گئے۔ حادثے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون کو قریبی اور دوسری خاتون کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، عباسی شہید اسپتال منتقل کی جانے والی خاتون کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی۔
پاکستان پاپولیشن کونسل نے ملک کے پسماندہ ترین اضلاع کی فہرست جاری کر دی
حادثے میں جاں بحق خاتون کی شناخت 20 سالہ سمرا شیخ دختر حاتم شیخ اور زخمی خاتون کی شناخت 37 سالہ رابعہ ناز دختر شاہد علی کے نام سے کی گئی، حادثے میں جاں بحق اورزخمی خاتون بحریہ ٹاون کی رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے ٹیچر ہیں۔ ایس ایچ او گڈاپ سٹی سرفراز جتوئی نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق وزخمی خاتون اسکوٹی موٹر سائیکل پرسوار تھی اور بحریہ ٹاون سے شہر کی جانب جا رہی تھی کہ دنبہ گوٹھ کے قریب تیز رفتاری گاڑی نے انہیں ٹکرماردی جس کے باعث اسکوٹی موٹر سائیکل سوار دونوں خواتین پل سے نیچے جا گریں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق و زخمی خواتین شہر میں کسی کوچنگ سینٹر اور پرائیویٹ تعیلمی ادارے میں پڑھاتی ہیں۔ حادثے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو تحویل میں لیکر ڈرائیور کاشف عزیز کوحراست میں لے لیا اورحادثے سے متعلق مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔




