8 tourist vehicles swept away on Babusar Highway

بابوسر شاہراہ پر سیاحوں کی 8 گاڑیاں بہہ گئیں، 3 ہلاک، 15 سے زائد لاپتہ

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں شاہراہِ تھک-بابوسر پر شدید سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں سیاحوں کی کم از کم 8 گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں جبکہ 3 سیاحوں کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔ ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق چار زخمی سیاحوں کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

ترجمان کے مطابق 15 سے زائد سیاح تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کمیونیکیشن کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے اور ہزاروں سیاح شاہراہِ بابوسر پر مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔

واٹس ایپ ہیک ہونے سے بچائیے

حکومتی ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پھنسے ہوئے افراد کو فوری طور پر ریسکیو کیا جائے۔ دریں اثنا، مقامی آبادی نے سینکڑوں سیاحوں کو عارضی پناہ فراہم کی ہے۔

فیض اللہ فراق کے مطابق شاہراہِ بابوسر کئی مقامات پر بند ہو چکی ہے جبکہ سڑکوں، کھیتوں اور دیگر انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ فائبر آپٹک لائن کی خرابی کے باعث کئی علاقوں سے رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے۔