رابعہ بٹ

کہاں ہیں رابعہ بٹ؟ سوشل میڈیا پر خاموشی سے مداحوں میں تشویش کی لہر

رابعہ بٹ کی سوشل میڈیا پر طویل غیر موجودگی، مداحوں کی تشویش پر وضاحت دے دی
پاکستان کی مقبول ماڈل و اداکارہ رابعہ بٹ کی سوشل میڈیا سے طویل غیر موجودگی نے ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ مداح ان کی خیریت جاننے کے لیے مسلسل تبصرے کر رہے تھے اور کئی لوگ دیگر مشہور شخصیات کو بھی ٹیگ کرکے اداکارہ سے رابطے کی اپیل کر رہے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق، رابعہ بٹ پاکستان کی باصلاحیت ماڈل اور اداکارہ ہیں جنہوں نے ڈرامہ سیریلز ’آنگن‘، ’پہلی سی محبت‘، ’جیون نگر‘ اور ’یہ دل میرا‘ میں شاندار اداکاری سے شہرت حاصل کی۔ حال ہی میں ان کی اداکاری کو ڈرامہ ’جیون نگر‘ میں خوب سراہا گیا تھا، جس کے بعد وہ اچانک سوشل میڈیا سے غائب ہو گئیں۔ ان کے انسٹاگرام پر تقریباً 10 لاکھ فالوورز ہیں مگر دسمبر 2024 کے بعد سے کوئی پوسٹ سامنے نہیں آئی تھی۔

اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی اچانک موت کے بعد مداحوں نے رابعہ بٹ کی غیر فعالیت پر مزید تشویش ظاہر کی۔ مداح ان کی پرانی پوسٹس پر تبصرے کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کرتے رہے۔ ایک مداح نے لکھا کہ وہ دو عیدوں سے ان کا انتظار کر رہے ہیں اور گزارش کی کہ کچھ پوسٹ کریں۔ ایک اور مداح نے کہا کہ حمیرا اصغر کی موت کے بعد رابعہ بٹ کی فکر مزید بڑھ گئی ہے۔

بڑھتے ہوئے پیغامات اور مداحوں کی تشویش دیکھتے ہوئے رابعہ بٹ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا:

“جن سب کو میری فکر ہے، یہ پیغام اُن کے لیے ہے۔ میں زندگی کے ایک سفر پر ہوں اور اس وقت اس بارے میں بات نہیں کر سکتی۔ اگر وہ چیز ملی جس کی تلاش ہے تو ضرور بتاؤں گی اور اگر نہ ملی تو بھی سب سمجھ آ جائے گا۔ دونوں صورتوں میں چیزیں ویسی نہیں رہیں گی جیسی تھیں۔”

اداکارہ نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے شکریہ بھی ادا کیا۔