پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک قوانین کے مؤثر نفاذ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 29 ہزار 694 افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
اسی دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 51 ہزار سے زائد چالان کیے گئے، جن کے تحت 4 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا۔ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دھواں چھوڑنے والی 402 گاڑیوں کو چالان کیا گیا، جبکہ 35 کو تھانوں میں بند کر دیا گیا ہے۔
مونسون کا چوتھا طاقتور سسٹم خیبرپختونخوا میں داخل، موسلادھار بارشوں کا خدشہ
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے اوورلوڈنگ، اوورسپیڈنگ، کم عمر ڈرائیورز اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کا بھی حکم دیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ شہریوں میں ٹریفک شعور اجاگر کرنے کے لیے پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ اسکولز میں باقاعدہ تربیتی پروگرام بھی جاری ہیں۔
پنجاب پولیس ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے ذریعے محفوظ اور منظم ٹریفک نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔