وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مالی سال 2024-25 کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر تک پہنچنے پر قوم کو مبارکباد دی اور اس پیشرفت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 22 برسوں میں یہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کی بلند ترین سطح ہے، جو پاکستان کی معیشت کے استحکام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے اس کامیابی کو حکومتی معاشی پالیسیوں اور موثر اقدامات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا، “ہماری اقتصادی حکمت عملی کے باعث ملک کے زرِ مبادلہ کے ذخائر 19 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، جو باعثِ اطمینان ہے۔”
گزشتہ2 ہفتے کی ڈرائیونگ لائسنس کارکردگی
انہوں نے مزید کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں بہتری کی بنیادی وجہ ترسیلاتِ زر اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہے۔ وزیراعظم کے مطابق، “مالیاتی اور معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری اس بات کی گواہی ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔”
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں کاروبار دوست اور سرمایہ کار دوست ماحول کو مزید فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، تاکہ پائیدار ترقی کا عمل جاری رہے۔
انہوں نے معاشی ٹیم کی انتھک محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا، “معاشی ٹیم کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، جنہوں نے ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر ڈالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔”