پاکستان نے یوکرین کے لیے دوسری امدادی کھیپ روانہ کر دی

پاکستان کی جانب سے انسانی امداد کی دوسری کھیپ یوکرین کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔

امدادی سامان میں ضروری ادویات، کمبل اور راشن شامل ہیں جو پاکستان ایئر فورس کے دو C-130 جہازوں پر پولینڈ کے راستے یوکرین پہنچیں گے۔

یوکرین کے لیے امدادی سامان کی دوسری کھیپ کی روانگی کے لیے نور خان بیس راولپنڈی پر ایک باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے دوران وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے امدادی سامان یوکرین کے سفیر ماریکیان چوچک کے حوالے کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے کہا کہ پاکستان یوکرین کے ساتھ گزشتہ تین دہائیوں پر مشتمل اپنے دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

یوکرین میں جاری جنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں۔

یوکرین کے سفیر نے مشکل کی اس گھڑی میں یوکرین کے عوام کے لیے امداد بھیجنے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر نے کہا کہ یوکرین حقیقی معنوں میں اس امداد کو پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے خیر سگالی اور ہمدردی کی علامت کے طور پر دیکھتا ہے۔