جہاد میں سب جائز ہوتا ہے، وزیراعلیٰ کے پی کا عہدیداروں کو احتجاج پر اکسانے والے میسج پر ردعمل

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا آڈیو میسج منظر عام پر آیا ہے جس میں وہ اپنے عہدیداروں کو احتجاج پر اکسا رہے ہیں۔

آڈیو میسج میں محمود خان اپنے عہدیداروں کو کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے کال کر کے ہدایات دی ہیں کہ سارے وزراء آج اپنے حلقوں میں نماز کے بعد ریلیاں منعقد کریں اور بکے ہوئے ایم این ایز کی تصاویر ساتھ رکھیں، وزیراعظم سے اظہار یکجہتی اور غداروں کے خلاف نعرے لگانے ہیں۔

منحرف ارکان کے خلاف ریلیاں نکالیں، ایک تو بلدیاتی انتخابات میں جیتنے کی خوشیاں منائیں، دوسرا منحرف ارکان کے خلاف مردہ باد کے نعرے لگائیں، یہ نعرے بھی لگائیں کہ یہ لوگ غدار ہیں۔

آڈیو میسج میں وزیراعلیٰ پختونخوا کہہ رہے ہیں کہ امریکا کے خلاف بھی نعرے لگائے جائیں اور احتجاج کی ویڈیوز میرے ساتھ شیئر کرنی ہیں تاکہ ہم سوشل میڈیا اور میڈیا پر کوریج دیں۔