جماعت اسلامی پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو مسترد کردیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر جماعت اسلامی پاکستان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سود، مہنگائی کے خلاف 11 جون لاہور سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران جان لیں عوام اب قربانی کا بکرا بننے کو تیار نہیں، قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں کو مسترد کرتے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدے پارلیمنٹ میں لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی اور اشرافیہ کی مراعات کم کی جائیں، حکمران اپنے اخراجات تو کم نہیں کرتے،عوام پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں۔
جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر پیٹرول مزید مہنگا کیا گیا، پیٹرول مہنگا ہونے سے عوام کے اوسان خطا ہو گئے، مہنگا پیٹرول خریدنا عوام کیلئے مشکل ہے، اتحادی حکومت نے بھی عوام کو رتی برابر ریلیف نہیں دیا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔
وزارت خزانہ کی جانب جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 30 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد 209 روپے 86 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 30 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد 204 روپے 15 پیسے، مٹی کا 26 روپے 38 پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 181 روپے 94 پیسےجب کہ لائٹ 30 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد 178 روپے 31 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔