اسلام آباد انتظامیہ کا حکومت اور اپوزیشن کو ریڈ زون میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار

وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے حکومت اور اپوزیشن کو ریڈ زون میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے حکومت اور اپوزیشن کو ریڈ زون میں جلسہ کرنے سے اجازت دینے سے منع کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کا موقف ہے کہ اسلام آباد کے ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے، اس لئے ریڈ زون میں عوام کے اجتماع کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

دونوں فریقین کا ایک ہی جگہ جلسہ کرنے سے تصادم کا خدشہ ہے، ریڈ زون میں زیادہ لوگوں کے آنے سے سیکیورٹی مسائل درپیش ہوں گے۔

ضلعی انتظامیہ میں حکومت کو پریڈ گراونڈ اور اپوزیشن کو ایچ نائن میں جلسہ کرنے کا آپشن دے دیا۔

واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی نے 27 مارچ کو جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔

وزیر اعظم نے گزشتہ روز جلسے کا لوگو بھی ٹوئٹ کیا تھا جس کے مطابق جلسے کی تھیم ’امر بالمعروف‘ رکھی گئی ہے۔

دوسری جانب متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق 26 مارچ کو سرگودھا ڈویژن سے ہزاروں کارکنان اسلام آباد پہنچ کر لانگ مارچ کا حصہ بنیں گے ۔