یف آئی اے

عدالت کا ایف آئی اے کو آخری مہلت، پرویز الٰہی منی لانڈرنگ کیس کا چالان طلب

منی لانڈرنگ کیس: عدالت کی ایف آئی اے کو پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کے خلاف مکمل چالان جمع کرانے کی آخری مہلت

لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت نے پرویز الٰہی اور مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف مشکوک بینک ٹرانزیکشنز اور منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کو مکمل چالان جمع کرانے کے لیے 18 اگست تک آخری موقع دے دیا۔

دنیا نیوز کے مطابق، کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے بار بار مہلت مانگ رہی ہے لیکن اب تک چالان پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر الزامات لگائے گئے ہیں تو ثبوت اور چالان بھی پیش کیا جانا چاہیے۔

پرویز الٰہی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے پہلے ہی تین بار مہلت لے چکی ہے لیکن اب تک کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکی، یہ سب محض انتقامی کارروائی ہے۔ دوسری جانب ایف آئی اے کے وکیل نے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی جس پر عدالت نے سختی سے جواب دیتے ہوئے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 18 اگست تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست بھی منظور کر لی۔