بچوں کی کھلونا نما بندوقوں اور پٹاخوں کے خرید وفروخت پر پابندی عائد

پشاور میں ایک ماہ کیلئے بچوں کی کھلونا نما بندوقوں اور پٹاخوں کے خرید وفروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ پشاور کے مطابق اسلحہ کے نمائش اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

انتظامیہ نے بتایا کہ دفعہ 144 کے تحت ون وئیلنگ، ڈبل سلنسر والی اسپورٹس کار اور بائکس پر بھی ایک ماہ کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے اور دریاؤں میں نہانا بھی ایک ماہ کیلئے بند ہوگیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون توڑنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ عیدالفطر کے موقع پر سرکاری تعطیلات کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے رواں سال عید کی 4 چھٹیاں دی گئی ہیں جس کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے ملازمین کو عیدالفطر پر 2 مئی بروز پیر سے 5 مئی تک 4 چھٹیاں دی گئیں ہیں۔

ماہرین فلکیات نے 2 مئی کو شوال کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی ہے جس کے پیش نظر عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین فلکیات کا کہنا ہے شوال کے چاند کی پیدائش کا امکان 30 اپریل اور یکم مئی کی شب رات ایک بج کر 28 منٹ پر ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں غروب آفتاب اور چاند دیکھنے کا دورانیہ 40 منٹ اور زیادہ سے زیادہ 89 منٹ ہوگا لہٰذا اگر مطلع صاف رہا تو پیر کی شام شوال کا چاند ملک کے مختلف حصوں میں واضح اور دیر تک دیکھا جاسکے گا۔

پاکستان میں عید 3 مئی بروز منگل کے دن متوقع ہے لیکن حتمی فیصلہ رویتِ ہلال کمیٹی 1 مئی اور 2 مئی کے اجلاس کے بعد ہی دے گی۔