چیئرمین پی ٹی آئی عمرا ن خان سے مولانا خان محمد شیرانی کی ملاقات

جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ کے سربراہ مولانا خان محمد شیرانی نےچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی. سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین تحریک انصاف کے چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گل بھی ملاقات میں موجودتھے .انہوں نے ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور کہا کہ اسلاموفوبیا کے انسداد اور پاکستان کی آزادی و خودمختاری کے تحفظ کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کی کاوشوں کی زبردست تحسین پیش کیا۔

عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے انسداد اور ناموس رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کے تحفظ کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کی خدمات غیرمعمولی ہیں مولانا محمد خان شیرانی نے کہا کہ عمران خان کا تصورِ ریاستِ مدینہ اور اسکے قیام کیلئے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

عمران خان اتحادِ امت خصوصاً امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کا قابل عمل حل تجویز کرنے والے پہلے مسلم رہنما ہیں آزادی و خودداری کا علم بلند کرنے والوں کیخلاف سامراج نے ہمیشہ سازش رچائی، مولانا شیرانی نے کہا کہ ضمیرفروش اور ملت فروش گروہ سے نہیں حبِّ رسولِ مکرم علیہ السلام سے سرشار رہنما سے نسبت چاہتا ہوں، ملک و ملت کی سربلندی کی تحریک میں چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ ملکر اپنا حصہ ڈالیں گے ۔

عمران خان نے کہا کہ مولانا شیرانی کے خیر سگالی کے جذبات کا خیرمقدم کرتا ہوں، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان کلمتہ اللہ کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیااللہ کے سامنے جھکنے والوں کو غلام بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، اقتدار کی بجائے اقدار اور قومی آزادی و خودمختاری کا تحفظ اہم ہے۔

عمران خان نے کہا کہ امریکی اشاروں پر متحرک کٹھ پتلیوں کو قوم کے مستقبل پر غلامی کی تاریکیاں طاری کرنے کی اجازت نہیں دینگے،اہلِ مذہب و دانش آگے بڑھیں اور قومی حمیت و اثاثۂ مِلّی کے تحفظ کا فریضہ انجام دیں.