کراچی کے علاقے کیماڑی ڈاکس مچھر کالونی میں پولیس نے تاریخ رقم کر دی۔ مچھر کالونی، الفلاح چوک، اور جنگل سائیڈ جیسے جرائم کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں میں ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن ریٹائرڈ فیضان کی زیر قیادت منشیات فروشوں کے خلاف شروع کی گئی مہم کے نتیجے میں پہلی بار بدنام زمانہ ماما یعقوب کا منشیات کا اڈہ مکمل طور پر 5 گھنٹے سے بند پڑا ہے
ذرائع کے مطابق، یہ اڈہ کئی دہائیوں سے منشیات کی خریدو فروخت کا مرکز بنا ہوا تھا، جہاں سے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی منشیات کی سپلائی کی جاتی تھی۔ ماضی میں متعدد شکایات اور کارروائیاں بھی کی گئیں، لیکن ہر بار یہ نیٹ ورک ایک بار پھر سے سرگرم ہو جاتا۔ تاہم اس بار صورتحال مختلف ہے۔
کیپٹن (ر) فیضان کی قیادت میں قانون کی بالادستی کی نئی مثال قائم
ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان نے علاقے میں موجود منشیات کے اڈوں، جرائم پیشہ افراد، اور ان کے سرپرستوں کے خلاف کمر کس لی۔ رات کے اندھیروں میں چھاپے، دن کے اجالے میں کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس نے نہ صرف ماما یعقوب کے اڈے پر کاری ضرب لگائی، بلکہ مچھر کالونی، الفلاح چوک، اور جنگل سائیڈ جیسے علاقوں کو جرائم سے پاک کرنے کا بیڑہ بھی اٹھایا۔
اسلام آباد میں موٹاپے کے خاتمے اور عوامی صحت کے فروغ کے لیے اہم اقدام
منشیات فروشوں میں کھلبلی، خریدار پریشان، شہری خوش
کارروائیوں کے بعد صورتحال یکسر تبدیل ہو گئی ہے۔ منشیات فروش روپوش ہو چکے ہیں، اور ان کے مستقل گاہک پریشان حال نظر آ رہے ہیں۔ تاہم مقامی شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ اب ہمارے بچوں کو نشے کی لت سے بچایا جا سکتا ہے۔ ایک رہائشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم پہلی بار امید کی کرن دیکھ رہے ہیں۔ خدا کرے یہ کارروائیاں جاری رہیں اور مکمل صفائی ہو
آئندہ کے لیے حکمت عملی
پولیس حکام کے مطابق یہ صرف شروعات ہے۔ مستقبل میں بھی ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ خفیہ مخبر نیٹ ورک فعال کر دیا گیا ہے اور علاقے میں مستقل گشت کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ دوبارہ ایسے عناصر قدم نہ جما سکیں۔
کیماڑی پولیس کی مؤثر حکمت عملی اور بہادر قیادت کے تحت کراچی کے منشیات زدہ علاقوں میں نئی صبح کی امید جاگ اٹھی ہے۔ “ماما یعقوب” جیسے طاقتور جرائم پیشہ افراد کے اڈے کا بند ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ارادہ مضبوط ہو تو کوئی بھی مافیا قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔