بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کے سینکڑوں محنتی اور فرض شناس ملازمین کو 24 سال کے طویل انتظار کے بعد ٹائم اسکیل کی فراہمی عمل میں لائی گئی۔ اس تاریخی موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے ملازمین میں ٹائم اسکیل لیٹرز تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا، “پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محنت کشوں کے حقوق کی آواز بلند کی ہے۔ آج کا دن اس بات کی عملی مثال ہے کہ ہماری جماعت نے ملازمین کو اُن کا دیرینہ حق دلوایا۔”
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا مالی سال 2024-25 میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر تک پہنچنے پر اظہار تشکر
انہوں نے کہا کہ، “چوبیس سال بعد ٹائم اسکیل کا اجرا پیپلز پارٹی کی قیادت کے عزم اور بلدیاتی حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔” میئر کراچی نے فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی ریسپانس کے ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “یہ وہ جانباز ہیں جنہوں نے دہائیوں تک بغیر کسی ترقی کے اپنی جان خطرے میں ڈال کر عوام کی خدمت کی۔”
ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے بھی ملازمین سے خطاب میں کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ ادارے کے ہر شعبے کے ملازمین کو ان کے جائز حقوق فراہم کیے جائیں۔
اس موقع پر ملازمین نے میئر اور ڈپٹی میئر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔ تقریب میں سٹی کونسل کے اراکین کرم اللہ وقاصی، دل محمد سمیت دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔