بلوچستان: باپ کے جنازے میں شرکت کیلئے جانے والے دو بھائی دہشتگردی کا نشانہ بن گئے، 9 مسافر شہید
بلوچستان کے ضلع لورالائی میں دہشتگردوں نے ایک اور بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے 9 معصوم مسافروں کو شہید کردیا۔ شہداء میں دو سگے بھائی، جابر اور عثمان بھی شامل ہیں جو اپنے والد کے جنازے میں شرکت کیلئے لودھراں جا رہے تھے۔
دنیا نیوز کے مطابق، سرہ ڈاکئی کے مقام پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے دو مسافر بسوں کو روک کر مسافروں کی شناخت کے بعد 9 افراد کو نشانہ بنایا۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں لاہور، گجرات، خانیوال، گوجرانوالہ، لودھراں، ڈی جی خان اور مظفرگڑھ سے تھا۔
دہشتگردوں کی اس بربریت کا شکار بننے والے تمام افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔ بلوچستان میں دہشتگردی کی اس واردات نے پورے ملک کو غمزدہ کردیا ہے۔