پاکستان اور روس کے درمیان پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے معاہدہ طے پا گیا
پاکستان اور روس نے کراچی میں واقع پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پروٹوکول پر دستخط کر دیئے ہیں۔ یہ معاہدہ ماسکو میں وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی قیادت میں پاکستانی وفد اور روسی حکام کے درمیان طے پایا۔
وزارتِ صنعت و پیداوار کے اعلامیے کے مطابق معاہدے پر پاکستانی وفد کی جانب سے سیکریٹری صنعت و پیداوار سیف انجم اور روس کی جانب سے وادیم ویلیچکو نے دستخط کیے۔ معاہدے کا مقصد پاکستان اسٹیل ملز کو جدید تقاضوں کے مطابق بحال کرنا اور صنعتی شعبے کو فروغ دینا ہے۔
ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی وزیراعظم کے صنعتی ترقی کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ملک کی معیشت اور صنعتی مستقبل کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔
معاہدے کے تحت پاکستان اور روس کی شراکت داری سے اسٹیل ملز کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا جس سے ملکی صنعتی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور نئی صنعتی تاریخ رقم ہوگی۔