امریکی

جعلی اے آئی آواز کے ذریعے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے نام پر امریکی اور غیر ملکی حکام سے رابطے کیے گئے

ایک اسکامر نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی اے آئی سے تیار کردہ جعلی آواز کا استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ امریکی حکام اور غیر ملکی وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا، امریکی سفارتی ذرائع کے مطابق۔

نامعلوم شخص نے Signal ایپ پر مارکو روبیو کی آواز کی نقالی کرتے ہوئے تین غیر ملکی وزرائے خارجہ، ایک امریکی گورنر اور ایک رکن کانگریس سے رابطہ کیا۔

اس اسکام میں مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے نہ صرف روبیو کی آواز کی نقالی کی گئی بلکہ ان کے اندازِ تحریر کو بھی کاپی کرتے ہوئے متن پیغامات (text messages) بھی بھیجے گئے۔

جون کے وسط میں، جعلساز نے “Marco.Rubio@state.gov” کے نام سے جعلی Signal اکاؤنٹ بنایا اور مختلف شخصیات کو وائس اور ٹیکسٹ میسجز بھیجے، جن میں انہیں Signal پر رابطہ کرنے کی دعوت دی گئی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اس سائبر حملے کو ایک منظم کوشش قرار دیا، جس کا مقصد حکام کو گمراہ کر کے حساس معلومات حاصل کرنا یا محفوظ نظاموں تک رسائی حاصل کرنا تھا۔

محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اضافی سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند ماہ قبل ہی “Signalgate” اسکینڈل سامنے آیا تھا، جس میں ایک صحافی کو غلطی سے امریکی وزرائے دفاع و خارجہ سمیت اعلیٰ عسکری و حکومتی حکام کے ایک گروپ چیٹ میں شامل کر لیا گیا تھا۔

اس گروپ میں وزیر دفاع نے یمن میں جاری حساس فوجی آپریشنز کی براہِ راست معلومات شیئر کیں، جس پر سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے تھے۔

بعد ازاں انکشاف ہوا کہ سابق نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر مائیک والٹز نے غلطی سے دی اٹلانٹک کے ایڈیٹر جیفری گولڈبرگ کو گروپ میں شامل کر لیا تھا۔ اس واقعے کے بعد والٹز کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا اور مارکو روبیو کو عارضی طور پر نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر مقرر کیا گیا۔

اب مائیک والٹز کو اقوام متحدہ میں امریکہ کے سفیر کے لیے نامزد کیا گیا ہے، اور وہ سینیٹ کی سماعت کا سامنا کر رہے ہیں۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ Signal جیسی ایپس اینکرپٹڈ (محفوظ) ہوتی ہیں، لیکن سرکاری رابطوں کے لیے قابلِ اعتماد نہیں۔ اسی وجہ سے 2023 میں امریکی محکمہ دفاع نے Signal، WhatsApp اور iMessage کے ذریعے حساس معلومات کے تبادلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔