اسلام آباد: اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے 27 یوٹیوب چینلز کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ حکم سائبر کرائم ایجنسی کی درخواست پر جاری کیا گیا، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے سماعت کی اور دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
ان 27 یوٹیوب چینلز میں پی ٹی آئی سے متعلق اکاؤنٹس، اور معروف صحافیوں جیسے متیع اللہ جان، وجاہت خان، احمد نورانی، اسد علی طور کے علاوہ سابق اینکرز عمران ریاض، اوریا مقبول جان، صابر شاکر اور معید پیرزادہ کے چینلز شامل ہیں۔
عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سائبر کرائم ایجنسی نے 2 جون کو ریاست مخالف مواد کے حوالے سے انکوائری کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد پیش کیے گئے شواہد پر عدالت مطمئن ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔
فیصلے میں یوٹیوب کے متعلقہ افسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان تمام 27 یوٹیوب چینلز کو فوری طور پر بند کیا جائے۔