این ڈی ایم اے

این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں سیلاب اور موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق، دریائے کابل، سندھ، چناب اور جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

چناب کے مرالہ اور کھنکی، جبکہ جہلم کے منگلا پوائنٹ پر بھی نچلے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ، سوات اور پنجکوڑہ کی ندیوں میں بارشوں کے باعث اچانک طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے سے نکلنے والے نالوں کی وجہ سے شمال مشرقی پنجاب متاثر ہو سکتا ہے، جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں بھی شدید پانی کا بہاؤ آنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے علاقوں جھل مگسی، کچھی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل میں بھی ندی نالوں میں طغیانی ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں ہنزہ اور شگر سمیت حسپر، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو ندیوں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تیز بہاؤ والے نالوں، زیر آب سڑکوں اور کمزور پلوں سے گریز کریں۔

کم نشیبی علاقوں کے مکینوں سے کہا گیا ہے کہ قیمتی اشیاء اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔ حساس علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 3 سے 5 دن کے لیے خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹس تیار رکھیں۔

مقامی انتظامیہ کو نکاسی آب کے آلات تیار رکھنے اور الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ سرکاری اعلانات، ٹی وی، موبائل الرٹس اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے ذریعے موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔