لاہور – پاکستان کو ایشین گیمز میں پہلا گولڈ میڈل دلانے والے عظیم پہلوان دین محمد جمعرات کے روز انتقال کر گئے۔ ان کی عمر سو برس سے زائد تھی۔
لاہور کے نواحی علاقے باٹا پور کے رہائشی دین محمد نے 1954ء میں فلپائن کے شہر منیلا میں ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلا سونے کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔
انہوں نے اس مقابلے میں فلپائن، بھارت اور جاپان کے پہلوانوں کو شکست دے کر پاکستان کو گولڈ میڈل دلایا، اور ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔
ایشین گیمز کی شاندار کامیابی کے علاوہ دین محمد نے دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔
صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب خضر افضل چوہدری نے دین محمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔