اسلام آباد

پاکستان میں بارشوں اور سیلابی خطرے کا الرٹ، 6 سے 12 جولائی تک خبردار رہنے کی ہدایت

اسلام آباد – نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) نے مون سون بارشوں اور مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے کے پیشِ نظر 6 جولائی سے 10 جولائی تک مختلف علاقوں میں اثرانداز ہونے والی ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے بارے میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شمالی علاقوں میں 7 جولائی سے 12 جولائی کے دوران فلیش فلڈ (اچانک سیلاب) کے خطرات بڑھنے کا امکان ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد
اسلام آباد سمیت پنجاب کے کئی اضلاع جیسے راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور ملحقہ علاقوں میں 6 تا 10 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے امکانات ہیں۔

وسطی اور شمالی پنجاب میں معتدل سے شدید بارش جبکہ جنوبی پنجاب (ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان) میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا
کے پی کے اضلاع دیر، سوات، چترال، کوہستان، شانگلہ، بونیر، بٹگرام، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، ہری پور، بنوں اور کوہاٹ میں بھی شدید بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر
گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، دیامر، گانچھے، شگر، مظفرآباد، وادی نیلم، راولا کوٹ، حویلی، باغ سمیت شمالی علاقہ جات میں شام اور رات کے اوقات میں معتدل سے شدید بارشوں کے ساتھ فلیش فلڈ کا خطرہ موجود ہے۔

یہ صورتحال ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش، بجلی و مواصلاتی نظام میں خلل کا سبب بن سکتی ہے۔
سندھ
سکھر، نواب شاہ، کشمور، حیدرآباد، کراچی، تھرپارکر، میرپور خاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، جامشورو، ٹنڈو الہ یار، ٹھٹھہ، بدین، مٹھی میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جبکہ گھوٹکی، خیرپور، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو میں تیز بارش کی پیشگوئی ہے۔

اس سے شہری سیلاب (urban flooding)، ٹریفک جام اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

بلوچستان
بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، خضدار، آواران، بارکھان، جعفرآباد، کوہلو، سبی، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، لسبیلہ، نصیر آباد میں بھی منتشر اور کہیں کہیں شدید بارش، آندھی اور بجلی گرنے کی اطلاعات ہیں۔ ان علاقوں میں پانی کھڑا ہونے، آمد و رفت میں خلل اور کمزور عمارتوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔

NDMA کی احتیاطی ہدایات:
شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور شدید موسم کے دوران گھروں میں رہیں۔

قیمتی گھریلو اشیاء اور گاڑیاں محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔

سیاحوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دوران بلند پہاڑی علاقوں یا سیلابی خطرات والے مقامات کا سفر نہ کریں۔

مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریسکیو ٹیمیں تیار رکھیں، نکاسیٔ آب کے راستے صاف کریں اور عوام میں آگاہی پیدا کریں۔

ڈرائیورز کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ پانی میں ڈوبی سڑکوں اور انڈرپاسز سے گزرنے سے گریز کریں۔

ہنگامی خدمات کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری امداد اور انخلاء ممکن بنایا جا سکے۔