عمران خان کے بھارتی خارجہ پالیسی کی تعریف کرنے پر شہباز شریف کا ردعمل سامنے آگیا

مسلم لیگ ن کے سربراہ شہباز شریف نےکہا ہےکہ عمران خان کا بھارت کی نام نہاد  آزاد خارجہ پالیسی کی تعریف  کرنا  اب تک کا بھونڈا  ترین بیان ہے۔

ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے خاص طور پر مودی کے دور میں پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگایا گیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے سی پیک منصوبےکی مخالفت کی ہے اور عالمی سطح  پر ہمارے مفادات کو نقصان پہنچایا ہے، اسی دوران کشمیریوں سے ان کی ریاستی حیثیت بھی چھین لی گئی۔

خیال رہےکہ گذشتہ روز مالا کنڈ میں جلسے سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کو داد دیتا ہوں جس نے ہمیشہ  آزاد خارجہ پالیسی رکھی، امریکی پابندیوں کے باوجود بھارت روس سے تیل منگوا رہا ہے۔