حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کردیا

سندھ حکومت نے 23 مارچ کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ نے 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ڈے کی مناسبت سے صوبے بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عام تعطیل کا اعلان یوم پاکستان کے سلسلے میں کیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر صوبے بھر میں سرکاری و نیم سرکاری ادارے، کونسلز اور سندھ حکومت کے ماتحت تمام ادارے بند رہیں گے۔

یاد رہے کہ ’یوم پاکستان‘ پاکستان کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے۔ 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی۔

قرارداد پاکستان کی بنیاد پر ہی مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا گانہ وطن کے حصول کیلئے تحریک شروع کی تھی اور سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔

اسی قرار داد کے نتیجے میں اسلامی جمہوریہ پاکستان 14 اگست 1947 کو دنیا کے نقشے پر ابھرا۔