خیبرپختونخوا کو بحران میں نہیں ڈالیں گے، عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہو رہی: عرفان صدیقی
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے واضح کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کسی قسم کی سیاسی چال یا ایسا کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے صوبہ کسی بحران کا شکار ہو۔
جیو نیوز کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں عدم اعتماد سے متعلق کوئی تجویز اعلیٰ سطح پر زیر بحث نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے کسی اقدام کے حامی نہیں جو صوبے میں عدم استحکام یا سیاسی خلفشار پیدا کرے۔
عرفان صدیقی نے گورنر کے پی اور وزیراعظم کی ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسے کسی سازش سے جوڑنا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد ایک آئینی اور قانونی طریقہ ہے، جس کا تجربہ بانی پی ٹی آئی خود بھگت چکے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ مسلم لیگ (ن) قومی استحکام اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے فیصلے کرتی ہے اور کسی غیر آئینی اقدام کا حصہ نہیں بنے گی۔