کراچی کے لیاری

کراچی کے لیاری میں پانچ منزلہ عمارت گرنے سے پانچ افراد جاں بحق، کئی ملبے تلے دب گئے

کراچی – لیاری کے بغدادی علاقے میں واقع ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد تاحال ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی، جس میں چھ خاندان رہائش پذیر تھے۔ اب تک چھ زخمیوں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

گرنے والی عمارت سے جڑی ایک قریبی دو منزلہ عمارت کو احتیاطی تدابیر کے طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔

ریسکیو کارروائیوں میں تنگ گلیاں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں، جس کی وجہ سے بھاری مشینری جائے حادثہ تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ رسائی کے راستے بند ہونے کی وجہ سے بھی تاخیر ہو رہی ہے، تاہم مقامی رہائشی خود مدد کے تحت امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق ایک 40 سالہ خاتون جس کی ہڈیاں کئی جگہوں سے ٹوٹ چکی ہیں اور متعدد زخم آئے ہیں، کو سول اسپتال کراچی کے ٹراما سینٹر میں داخل کر لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں موجود تمام خطرناک عمارتوں کی تفصیلات فوری فراہم کی جائیں اور ایسے تمام ڈھانچوں کی فوری نشاندہی کی جائے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔