کراچی: کھارادر میں چھت گرنے کا خوفناک واقعہ، ریسکیو ٹیموں نے تمام افراد کو بچا لیا

کراچی کھارادر میں رہائشی عمارت کی چھت گرنے کا واقعہ، تمام افراد بحفاظت ریسکیو
کراچی کے قدیم علاقے کھارادر میں ایک رہائشی عمارت کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد 16 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کی پانچویں منزل کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوا جس کے نتیجے میں نچلی منزلوں کی چھتیں بھی یکے بعد دیگرے گر گئیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ بارشوں کے دوران عمارت کی چھت کی خستہ حالی کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے وقت عمارت میں موجود تمام 16 افراد پھنس گئے تھے جنہیں سنارکل کی مدد سے بحفاظت نکالا گیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

متاثرہ رہائشیوں نے بتایا کہ حادثہ ممکنہ طور پر پانی کی ٹینکی گرنے کے باعث پیش آیا، جس سے عمارت کا حصہ کمزور ہو کر زمین بوس ہو گیا۔ متاثرہ عمارت 1997 میں تعمیر کی گئی تھی اور کچھ عرصہ قبل مرمتی کام بھی کرایا گیا تھا۔ واقعے کے نتیجے میں مکینوں کو مالی نقصان کا سامنا ضرور ہوا ہے تاہم تمام افراد محفوظ رہے۔