کراچی میں مون سون کا موجودہ سسٹم کمزور، اگلی بارش کب؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
کراچی میں داخل ہونے والا مون سون سسٹم اپنی شدت کھو بیٹھا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک روز کے دوران شہر میں مجموعی طور پر 58.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ سسٹم کمزور ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ سسٹم کے باعث شہر میں مزید موسلادھار بارشوں کا امکان کم ہے۔ آئندہ چند دنوں کے دوران ہلکی بونداباندی یا معمولی پھوار کی توقع ہے جبکہ آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
درجہ حرارت کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ پارہ 33 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ مون سون کا ایک نیا سلسلہ 5 جولائی کے بعد پاکستان میں داخل ہو سکتا ہے، جو کراچی میں دوبارہ بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔ تاہم اس ممکنہ بارش کی شدت اور دورانیے کے بارے میں حتمی معلومات اگلے دو سے تین روز میں سامنے آئیں گی۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موسم کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لیے محکمہ موسمیات کی پیشگوئیوں پر نظر رکھیں۔