رواں موسم سرما کا طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان پر اثر انداز ہوکر تیز بارش کا باعث بنا، گوادر میں کل سے اب تک 57 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔
کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور یہ سلسلہ 7 جنوری تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
رواں موسم سرما کا طاقتور مغربی ہواؤں کے سلسلے نے پاکستان میں انٹری دے دی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خشک ہواؤں کے ساتھ کراچی میں بھی بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوچکاہے۔ رات تک تیز سرد ہوائیں 45 سے 54 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔کہیں بادل معتدل برسیں گے اور کہیں تیز ۔
5جنوری کی دوپہر تک کراچی میں وقفے وقفے سے بادل برس سکتے ہیں، اس کے بعد وقفہ آجائے گا۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ 6 جنوری کی دوپہر سے ایک بار پھر فعال ہوگا اور 6 جنوری کی دوپہر سے 7 جنوری کی صبح یا دوپہر تک بارش وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔
اس پورے سلسلے کے دوران کراچی میں 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔ 8 جنوری سے شہر میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے اور درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جاسکتا ہے۔
موسمی تجزیہ کار شہرکے کچھ علاقوں میں اولے پڑنے کی پیشگوئی بھی کررہے ہیں لیکن اس کے امکانات محض 20 سے 30 فیصد ہی ہیں۔ شہر میں آخری بار اولے 18 دسمبر 2017 کو پڑے تھے۔