کراچی ائیرپورٹ پر ایک ہی دن میں 3 غیر ملکی طیارے حادثے کا شکار

کراچی ائیرپورٹ پر ایک ہی دن میں تین غیر ملکی طیارے حادثات کا شکار، تمام طیارے گراؤنڈ
کراچی ائیرپورٹ پر غیر معمولی صورتحال، ایک ہی دن میں تین غیر ملکی طیاروں کو مختلف حادثات پیش آ گئے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق یہ تمام واقعات 28 جون کو پیش آئے، جس کے بعد تینوں طیارے تاحال گراؤنڈ ہیں۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ ایک بین الاقوامی کوریئر کمپنی کے کارگو طیارے کے ساتھ پیش آیا، جب لوڈر ٹرک اچانک طیارے سے ٹکرا گیا۔ تصادم کے نتیجے میں طیارے کے بائیں ونگ کی لائٹس سمیت تین مختلف مقامات پر شدید نقصان ہوا۔ مرمتی کام تاحال شروع نہیں ہو سکا اور امکان ہے کہ مرمت کے لیے ماہر انجینئرز بیرون ملک سے کراچی آئیں گے۔

دوسرا واقعہ ترکش ائیرلائن کے مسافر طیارے کے ساتھ پیش آیا، جب ٹیکسی کے دوران انجن سے پرندہ ٹکرا گیا۔ حفاظتی وجوہات کے پیش نظر طیارہ فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا۔

تیسری پرواز سعودی ائیرلائن کی تھی، جو دوران پرواز انجن میں آگ لگنے کی وارننگ کے باعث کراچی ائیرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ پر مجبور ہوئی۔ طیارہ اس وقت بھی کراچی ائیرپورٹ پر کھڑا ہے اور پی آئی اے انجینئرنگ ٹیم اس کی تکنیکی خرابیوں کو دور کرنے میں مصروف ہے۔

متعدد حادثات پیش آنے کے بعد ائیرپورٹ حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ان واقعات پر فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ ان حادثات کی وجوہات معلوم کی جا سکیں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔