اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کو ہمیشہ قومی ہیرو کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر ڈپٹی قاسم خان سوری نے محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر کا انتقال ملک اور قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے جس کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے قومی ہیرو کی وفات پر پوری قوم سوگوار ہے۔
اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ قوم ڈاکٹر عبد القدیر خان کی ملک کی خاطر دی جانے والی خدمات اور احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گی، پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنانے میں ڈاکٹر عبد القدیر کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ قوم محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر کے احسانات کی ہمیشہ مقروض رہے گی، ان کی وفات ملک و قوم اور ان کے اہلخانہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے، رنج و غم اور دکھ کی اس مشکل کھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔