پاکستان کی پہلی رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس کا قیام – وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ایک اور انقلابی قدم

پاکستان کی پہلی رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس کا قیام – وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ایک اور انقلابی قدم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان کی پہلی باضابطہ رائٹ مینجمنٹ پولیس فورس قائم کر دی گئی ہے، جس کا مقصد عوام کے جان و مال، سرکاری و نجی املاک کا تحفظ اور مشتعل مظاہرین سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہے۔
پنجاب پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کی خصوصی فورس بنائی گئی ہے، جو ابتدائی طور پر 5 ہزار تربیت یافتہ اہلکاروں پر مشتمل ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 3 ہزار اہلکاروں نے اپنی پیشہ ورانہ تربیت مکمل کر لی ہے۔
پولیس ٹریننگ سنٹر فاروق آباد میں اس فورس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی، جس میں اہلکاروں نے ہجوم کو کنٹرول کرنے کی عملی مشقوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ان اہلکاروں کو ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں تعینات کیا جائے گا، جہاں ہر ریجن میں 250 اہلکار فرائض انجام دیں گے
رائٹ مینجمنٹ پولیس کو امریکہ، ترکی، یورپ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے جدید ترین ٹریننگ مینولز کے مطابق 8 ہفتے کی خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔ اس تربیت میں ترک ماہرین کی خصوصی معاونت شامل رہی۔
فورس کے ہر یونٹ میں 15 ذیلی ٹیمیں قائم کی گئی ہیں، جن میں:
فرسٹ ایڈ ٹیم
ڈرون ٹیم
کراؤڈ انگیجمنٹ ٹیم
مذاکراتی ٹیم
کراؤڈ کنٹرول ٹیم
مظاہرین کی گرفتاری ٹیم
انخلا ٹیم
کے نائن یونٹ (ڈاگ ہینڈلر)
سنائپر ٹیم
سمیت دیگر پروفیشنل ٹیمیں شامل ہیں۔
ًلازمی پڑہیں:- فواد چودھری کے حق میں عدالت کا فیصلہ؟ 9 مئی مقدمات سے متعلق تحریری فیصلہ جاری
اہلکاروں کو خصوصی آلات، حفاظتی سازوسامان اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی بنیاد پر خصوصی الاؤنس بھی دیا جائے گا۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی خرم شکور، ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ اسد سرفراز اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں:
انسپکٹر حافظ خرم شہزاد
سب انسپکٹر شان علی
اسسٹنٹ سب انسپکٹر سجاد ریاض
شہزاد حسین
ہیڈ کانسٹیبل نعیم نیاز
کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ “عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ رائٹ مینجمنٹ پولیس کا قیام ایک خوش آئند اور انقلابی قدم ہے، جس سے مشتعل ہجوم کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے گا اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ”پیشہ ورانہ تربیت یافتہ فورس کی موجودگی سے نہ صرف مقامی سطح پر امن و امان برقرار رکھا جا سکے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا۔